نئی دہلی: بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی ٹیم میں واپسی کا سب کو انتظار ہے۔ بمراہ اپنی کمر کی چوٹ سے ٹھیک ہو رہے ہیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 سے قبل جسپریت بمراہ کی بھارتی ٹیم میں واپسی کو لے کر تذبذن برقرار ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما بھی کچھ کہنے سے گریز کر رہے ہیں، لیکن ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر ایان بشپ نے جسپریت بمراہ کو ایک مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بمراہ کمر کی چوٹ سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اب اسے اپنا بولنگ ایکشن تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن یہ ان کےلیے مشکل ہوگا۔
ایان بشپ نے کہا کہ جسپریت بمراہ کو چوٹوں سے بچنے کے لیے صرف منتخب ٹورنامنٹ میں کھیلنا چاہیے۔ بمراہ نے کمر میں درد کی وجہ سے گذشتہ برس ستمبر سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ ان کے لیے رواں برس اکتوبر نومبر میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلنا مشکل ہے۔ 29 سالہ بمراہ کی گزشتہ ماہ مارچ میں نیوزی لینڈ میں کمر کی سرجری ہوئی تھی۔ اب وہ آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اب تک بمراہ کو اپنے منفرد ایکشن کا فائدہ ملا ہے، لیکن اس سے اس کی کمر پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ اکثر زخمی ہو جاتے ہیں۔