انگلینڈ کے تیز گیند باز اسٹورٹ براڈ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں تیسرے دن 285 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کو پہلی اننگ میں 9 رنز کی برتری حاصل تھی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دن کا کھیل ختم ہونے تک پانچ وکٹوں پر 216 رنز بنالئے ہیں اور اسے میچ جیتنے کے لیے 61 رنوں کی ضرورت ہے جبکہ اس کے پانچ وکٹ باقی ہیں۔ New Zealand Tour of England
کھیل اسٹمپ کے وقت جو روٹ 131 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 77 اور بین فاکس 48 گیندوں میں 9 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ نے اپنا پانچواں وکٹ 159 کے اسکور پر گنوایا تھا لیکن اس کے بعد روٹ اور فاکس نے چھٹے وکٹ کی ناٹ آؤٹ 57 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ میچ کے چوتھے دن صبح کے سیشن میں میچ کا فیصلہ نکل آنے کی امید ہے۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رن کی شاندار اننگ کھیلی اور روٹ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت کی۔