لندن: تجربہ کار بلے باز جو روٹ (91) اپنی 31 ویں ٹیسٹ سنچری بنانے سے محروم رہے لیکن ان کی شاندار نصف سنچری نے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ایشز ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو انگلینڈ کو 389/9 تک پہنچا دیا۔ روٹ کے علاوہ زیک کرولی (73) اور جانی بیئرسٹو (78) نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں جن کی بدولت انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 377 رن کی برتری حاصل کرلی۔ اسٹیورٹ براڈ (دو) اور جیمز اینڈرسن (آٹھ) کریز پر ہیں اور آسٹریلیا کو چوتھے دن کی صبح ہدف کا تعاقب کرنے سے پہلے ان میں سے ایک بلے باز کو آؤٹ کرنا ہوگا۔
ایشز 2023 میں سب سے زیادہ 480 رن بنانے والے بلے باز کرولی نے دن کا آغاز ایک چوکے سے کیا اور بین ڈکیٹ (42) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 79 رن جوڑے۔ ڈکیٹ کی وکٹ گرنے کے بعد کرولی نے کپتان بین اسٹوکس کے ساتھ 61 رن بھی جوڑے، حالانکہ وہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 500 کا ہندسہ تک پہنچنے سے 20 رن پہلے آؤٹ ہوگئے۔ کرولی نے 76 گیندوں پر 73 رن کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے شامل تھے۔ چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے روٹ شروع سے ہی گیند بازوں پر حاوی رہے اور صرف 42 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اسٹوکس (42) اور ہیری بروک (سات) کی وکٹیں تیزی سے گریں لیکن روٹ نے جانی بیرسٹو کے ساتھ مل کر انگلینڈ کی برتری کو 300 سے زیادہ کر دیا۔