جمعرات کو کھیلے گئے چوتھے میچ میں بھارت نے انگلینڈ کے مقابلے میں ہر لحاظ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 185 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ کو آٹھ وکٹ پر 177 رن پر روک کر 8 رنز سے جیت درج کی اور سیریز میں برابری حاصل کرنے والی جیت اپنے نام کی۔ اس سے قبل انگلینڈ نے تیسرا میچ آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا، جبکہ بھارت نے دوسرا میچ سات وکٹوں سے جیت کر سیریز میں 1-1 سے برابری حاصل کی تھی۔ جب کہ انگلینڈ نے پہلا میچ بھی آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز 1-3 سے جیت لی تھی۔ دونوں ممالک کے مابین تین میچوں کی ون ڈے سیریز 23 مارچ سے شروع ہوگی اور بھارتی ٹیم ون ڈے سیریز میں فاتحانہ انداز میں اترنا چاہے گی، لیکن اس کے لئے اسے آخری ٹی-20 میچ جیتنا ہوگا جو پہلے چار میچوں کی طرح احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔