برمنگھم:انگلینڈ نے اسٹیورٹ براڈ (68/3) اور اولی رابنسن (3/55) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اتوار کو 386 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ پہلی اننگز میں 393/8 رنز بنانے والے انگلینڈ نے بھی اس کے ساتھ سات رنز کی برتری حاصل کر لی۔ وہیں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ میں دو وکٹ پر 28 رنز بنا لیے ہیں اور اس کے پاس کل برتری 35 رنز کی ہو گئی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور اولی پوپ بیٹنگ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل اوپنرز جیک کراؤلی اور بین ڈکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔ جیک کرولی 25 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد اسکاٹ بولانڈ کا شکار بنے جب کہ 28 گیندوں پر 19 رنز بنانے والے بلے باز بین ڈکٹ کو آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ 141 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی 321 گیندوں کی اننگز میں 14 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ ایلکس کیری نے 66 رنز بنائے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 50 رنز بنائے۔ کیمرون گرین اور پیٹ کمنز نے 38-38 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے دن کا آغاز 311/5 کے اسکور سے کیا۔ خواجہ نے معین علی کی گیند پر چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ کیری نے جیمز اینڈرسن کی گیند پر بھی دو چوکے لگائے لیکن وہ تیسری گیند پر بولڈ ہوگئے۔ چھ وکٹیں گرنے کے باوجود اوپنر خواجہ اچھے لے میں نظر آرہے تھے۔