کراچی:ایلکس ہیلز (53) کی نصف سنچری اور ہیری بروک کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 20 اوور میں 159 رن کا ہدف دیا تھا جسے معین علی کی ٹیم نے 19.2 اوور میں حاصل کر لیا۔ England Beat Pakistan in 1st T20
تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے ہیلز نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 40 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 53 رن بنائے۔ عثمان قادر نے ڈیوڈ ملان (20) اور بین ڈکٹ (21) کو آؤٹ کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی، لیکن بروکس اور ہیلز نے چوتھی وکٹ کی 55 رن کی شراکت کرکے انگلینڈ کوجیت دلائی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کے لیے بلایا۔ کپتان بابر اعظم اور رضوان نے پہلی وکٹ کے لیے 85 رن کی شراکت کی تاہم بابر اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے اور 24 گیندوں پر 31 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان نے 46 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 68 رن بنائے۔ پاکستان نے پہلے 10 اوور میں 87 رن بنائے تھے لیکن مڈل آرڈر اس بنیاد پر کوئی بڑی عمارت نہ بنا سکا۔
حیدر علی نے 11 (13) جبکہ ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے سات گیندوں میں اتنے ہی رن بنائے۔ محمد نواز بھی چار رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، البتہ افتخار احمد نے تین چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 28 رن بنا کر ٹیم کو 20 اوور میں 158/7 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ پاکستان آخری 10 اوور میں صرف 71 رن بنا سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے چار اوورز میں 24 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل رشید نے دو اور سیم کرن اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔