بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ لیڈز کے ہیڈنگلے اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا تھا۔ جہاں انگلینڈ نے بھارت کو ایک اننگ اور 76 رنز سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کے 354 رنز کے برتری کے بعد بھارت اپنی دوسری اننگ میں صرف 278 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی اور اسے ایک اننگ اور 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری اننگ میں بھارت کے لیے سب سے زیادہ چیتیشور پجارا نے 91 رنز جبکہ کپتان وراٹ کوہلی نے 55 اور روہت شرما نے 59 رنز کی اننگ کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگ میں اولی رابنسن نے 5 وکٹ جبکہ کریگ اورٹن نے 3 وکٹ حاصل کیے۔ ان کے علاوہ انڈرسن اور معین علی کو ایک ایک وکٹ ملا۔
میچ کے پہلے دن بھارتی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن وہ فیصلہ بھارتی ٹیم کے حق میں نہیں رہا کیونکہ بھارت اپنی پہلی اننگ میں محض 78 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔