کولمبو: پاکستان اے نے مینز ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں اتوار کے روز بھارت اے کو 128 رنوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار یہ خطاب جیت لیا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان-اے نے طیب طاہر (71 گیند، 108 رنز) کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت اے کے سامنے 353 رنز کا بڑا ہدف رکھا۔ پاکستانی گیندبازوں نے سفیان مقیم (66/3) کی قیادت میں بھارت اے کو 224 رنز پر آل آؤٹ کرکے اسے 10 سال بعد چیمپئن بننے سے روک دیا۔ صائم ایوب (51 گیند، 59 رنز) اور صاحبزادہ فرحان (62 گیند، 65 رنز) کی نصف سنچریوں کے باوجود پاکستان اے 187/5 کے اسکور پر جدوجہد کررہی تھی، جس کے بعد طاہر نے سنچری بنا کر ٹیم کو 352 رن کے اسکور تک پہنچادیا۔
بھارت اے نے جواب میں اچھی شروعات کی، لیکن اسپنرز کے خلاف مڈل آرڈر کی ناکامی ٹیم پر بھاری پڑی۔ بھارتی ٹیم دیکھتے ہی دیکھتے 132/2 سے 194/8 پر پہنچ گئی۔ ٹیلنڈرز نے کچھ وقت وکٹ پر گزارا لیکن وہ صرف شکست کا مارجن ہی کم کر سکے۔ پاکستان اے نے 2019 میں پہلی بار چیمپئن بننے کے بعد دوسری بار یہ خطاب جیتا ہے۔ 2013 میں چیمپئن بننے والی بھارتی ٹیم پانچ میں سے دو مقابلوں میں رنر اپ رہی ہے۔
پاکستان اے کی جانب سے دیے گئے 353 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے نے شاندار آغاز کیا۔ بھارت اے چھ اوورز میں 56 رنز بنا کر اچھی لے میں نظر آ رہا تھا جس کے بعد پاکستان-اے نے رن ریٹ پر لگام لگانی شروع کی۔ اگلے دو اووروں میں صرف چھ رنز آئے اور سائی سدرشن (28 گیند، چار چوکے، 29 رنز) دباؤ میں آکر نویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔
کریز پر15 گیندیں گزارنے کے بعد نکن ہوزے 11 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم جونیئر کا شکار بنے۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد ہندوستان کی معدوم ہوتی جیت کے امکانات کو ابھیشیک شرما نے زندہ رکھا۔ ابھیشیک نے 44 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے یش دھول کے ساتھ 52 رنز کی شراکت داری کی۔
ابھیشیک-دھول کی جوڑی ہندوستان کی جیت کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی تھی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم نے دونوں کی وکٹیں لے کر ہندوستان کو زبردست دھچکا دیا۔ ابھیشیک نے 51 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 61 رنز بنائے جبکہ دھول نے 41 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 39 رنوں کی اننگ کھیلی۔
اس دوران مبشر خان نے نشانت سندھو کو آؤٹ کیا جبکہ مہران ممتاز نے دھرو جریل اور ریان پراگ کی شکل میں ہندوستان کے آخری بلے بازوں کوآؤٹ کردیا۔ سفیان نے اپنا اسپیل ختم ہونے سے پہلے ہرشیت رانا (13) کا بھی وکٹ چٹکایا۔ راج وردھن ہانگرگیکر (11)، مانو سوتھر (7 ناٹ آؤٹ) اور یوراج سنگھ ڈوڈیا نے پچ پر وقت ضرور گزارا لیکن یہ محض رسمی تھا۔ ارشد اقبال نے ہانگرگیکر کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونیئر نے یوراج کو بولڈ کر کے پاکستان کی جیت پر مہر ثبت کردی۔