ممبئی:نوجوان آل راؤنڈر ایلیس کیپسی (3 وکٹ، 34 رن) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت دہلی کیپٹلس نے منگل کو ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں یوپی واریئرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ تہلیا میک گرا (ناٹ آؤٹ 58) کی طوفانی نصف سنچری کی بدولت یوپی واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 138 رنز بنائے۔ کیپٹلز کو پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے کے لیے 19.4 اوورز میں ہدف حاصل کرنا تھا لیکن میگ لیننگ کی ٹیم نے 17.5 اوورز میں کامیابی حاصل کرلی۔ گیند کے ساتھ تین وکٹ لینے والی کیپسی نے 31 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے ماریزان کاپ نے 31 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رنز بنائے اور دونوں کے درمیان 60 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کیپسی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئیں ۔ لیکن کاپ نے فتح کا چوکا لگاکر کیپٹلز کو فائنل تک پہنچا دیا۔
کیپٹلز نے لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہ کر ڈبلیو پی ایل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ واریئرز کا فائنل میں جگہ کے لیے ڈبلیو پی ایل ایلیمنیٹر میں ممبئی انڈینز کا مقابلہ ہوگا۔ اس سے قبل کیپٹلس نے ٹاس جیتنے کے بعد بالنگ کرتے ہوئے کیپٹلس نے وارئیرز کو زیادہ وقت تک دباؤ میں رکھا لیکن میک گرا نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 58 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ جب میک گرا بیٹنگ کے لیے آئیں تو واریئرز کا 10 اوورز میں دو وکٹ پر 63 رن کا اسکور تھا۔ اوپنر شویتا سہراوت نے 12 گیندوں پر چار چوکوں سمیت 19 رنز بنائے جبکہ کپتان ایلیسا ہیلی 34 گیندوں پر 36 (چار چوکے، ایک چھکا) بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
میک گرا کے کریز پر آنے کے بعد، کیپٹلز نے سمرن شیخ (11)، کرن نوگیرے (دو)، دیپتی شرما (تین) اور سوفی ایکلسٹن (0) کو چھوٹے اسکور پر آؤٹ کرتے ہوئے میچ پر قبضہ کرلیا۔ بار بار گرتے وکٹوں کے درمیان میک گرا نے جارحانہ بلے بازی سے واریئرز کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے 14ویں اوور میں دو چوکے لگاکر اروندھتی ریڈی کے خلاف 14 رنز جوڑے، حالانکہ واریئرز 16 اوور میں صرف 94 رنز ہی بنا سکی۔ ایلیس کیپسی نے 18ویں اوور میں بغیر کوئی رن دیے دیپتی اور ایکلسٹن کے وکٹ لے کر واریئرز کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ اس دوران میک گرا نے باؤنس بیک کرنا جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری تک پہنچنے سے پہلے آخری دو اوورز میں 33 رنز جوڑے۔