ممبئی: ایلیس پیری (ناٹ آؤٹ 67) کی نصف سنچری اور ریچا گھوش (37) رنز کے باوجود آر سی بی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی کیپٹلس نے پیر کو ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلی جیت کی تلاش میں بنگلور نے کیپٹلس کے سامنے 151 رن کا ہدف رکھا۔ کیپٹلس نے یہ ہدف 19.4 اوور میں حاصل کر لیا اور بنگلور کو پانچویں شکست دی۔ ایلیس پیری نے شروع سے آخر تک بنگلور کی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے 52 گیندوں پر چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 67 رن بنائے۔ ریچا نے 16 گیندوں پر 37 رن بنائے جن میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ بنگلور ایک موقع پر رن بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی تھی لیکن پیری ریچا نے آخری چھ اووروں میں 82 رن جوڑ کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔
بنگلور نے اس اسکور کا دفاع کیا اور کیپٹلز کی چار وکٹیں 109 رن پر گراکر میچ پر پکڑ بنالی لیکن ماریزان کپ (32 ناٹ آؤٹ) اور جیس جانسن (29 ناٹ آؤٹ) نے پانچویں وکٹ کے لیے 45 رن کی ناٹ آوٹ شراکت داری کرکے ٹیم کی جیت دلا دی۔ کیپٹلس ڈبلی پی ایل ٹیبل میں پانچ میں سے چار جیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ بنگلور پانچوں میچ ہار کر ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔ کیپٹلز نے ٹاس جیت کر بنگلور کو بیٹنگ کے لیے بلایا۔ بنگلور کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والی کپتان اسمرتی مندھانا بدستور خراب فارم میں رہیں اور شیکھا پانڈے کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے قبل 15 گیندوں میں صرف آٹھ رن ہی بنا سکیں۔
مندھانا کی وکٹ گرنے کے بعد بنگلور کی رنوں کی رفتار رک گئی اور شیکھا نے نویں اوور کی آخری گیند پر سوفی ڈیوائن (19 گیندوں، 21 رن) کو پویلین بھیج دیا۔ بنگلور 10 اوور میں صرف 50 رن بنا سکی اور کچھ دیر بعد ہیتھر نائٹ (12 گیندوں، 11 رن) کی صورت میں اس نے اپنا تیسرا وکٹ گنوا دیا۔ پیری اور ریچا کی شراکت نے ٹیم کو مشکلات سے نکالا جو اننگز کے 14ویں اوور تک صرف 68 رن بنا سکی تھی۔ پیری نے 15ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر شاندار آغاز کیا۔ انہیں تیسری گیند پر زندگی ملی اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیری نے اوور کا خاتمہ چھکا لگا کر کیا۔