ممبئی:دہلی کیپٹلس نے ماریزانے کاپ (15/5) اور شیکھا پانڈے (3/26) کی شاندار گیند بازی کے بعد شیفالی ورما (ناٹ آؤٹ 76) کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت گجرات جائنٹس کو ویمنس پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں ہفتہ کے روز 10 وکٹوں سے شکست دی۔ ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے جائنٹس کی ٹیم 20 اوورز میں صرف 105 رنز ہی بنا سکی۔ کیپٹلز نے 106 رنز کا معمولی ہدف صرف 7.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔ جائنٹس کی طرف سے کم گارتھ نے 37 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے۔ کاپ نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 15 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کاپ ڈبلیو پی ایل میں ایک میچ میں پانچ وکٹیں لینے والی دوسری گیندباز ہیں۔ اس سے قبل کیپٹلز کی تارا نورس نے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اترتے ہوئے شفالی نے 28 گیندوں پر 10 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیل کر جائنٹس کے گیندبازوں کی جم کر پٹائی کی ۔ لیننگ نے شیفالی کا ساتھ دیتے ہوئے 15 گیندوں پر 21 رنز بنائے اور فاتح چوکے لگا کر کیپٹلز کی فتح پر مہر ثبت کی۔
گزشتہ میچ میں ممبئی انڈینز کے ہاتھوں شکست سے شاندار طریقے سے ابھرنے کے بعد کیپٹلس کے چار میچوں میں چھ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ کیپٹلس پوائنٹس ٹیبل میں ممبئی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ جائنٹس چار میچوں میں ایک جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ شیکھا پانڈے نے دوسرے اینڈ سے وکٹ حاصل کرنے میں تعاون دیتے ہوئے دیالن ہیملتا کا وکٹ حاصل کیا جبکہ کاپ نے ہرلین دیول کو آؤٹ کر کے آدھی جائنٹس ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ہارلین نے اپنی مختصر اننگز میں چار چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں میں 20 رنز بنائے۔ کیپ یہیں نہیں رکی کیونکہ انہوں نے اپنے اسپیل کے آخری اوور میں سشما ورما کو بولڈ کرکے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ کپ کے اسپیل کے اختتام پر دی جائنٹس نے راحت کی سانس لی، تاہم کپتان میگ لیننگ کی سخت فیلڈنگ اور باؤلنگ سے،حریف ٹیم کو تیز سے رن بنانے کا موقع نہیں دیا۔