چنئی سپر کنگز Chennai Super Kings نئے کپتان روندر جڈیجہ کی قیادت میں ہفتہ کو آئی پی ایل 15 کے افتتاحی میچ میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز سے مقابلہ کرے گی اوراس کا ہدف جیت کے ساتھ اپناخطاب بچاؤ مہم کی شروعات کرنا ہوگا۔ کولکاتہ بھی نئے کپتان شریئس ائیر کی قیادت میں اس میچ میں اتر رہی ہے۔ آئی پی ایل کے آغاز سے دو دن پہلے یعنی جمعرات کودھونی نے چنئی کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا اور جڈیجہ کو سی ایس کے کا نیا کپتان بنادیا گیا۔ دھونی تاہم چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے۔ کپتان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جڈیجہ نے کہا ہے کہ ان کے کندھوں پر دھونی کی وراثت کو آگے بڑھانے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے اور وہ اسے برقرار رکھنا چاہیں گے۔
جڈیجہ اس وقت اپنے کیریئر کے بہترین دور سے گزر رہے ہیں اور وہ دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ آل راؤنڈر ہیں۔ چنئی نے کپتانی میں توایک تبدیلی کرلی ہے لیکن چنئی کے بولنگ اٹیک کی ریڑھ کی ہڈی دیپک چاہر چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل کے بیشتر میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں رہنے والے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی اطلاعات ہیں کہ آل راؤنڈر معین علی ابتدائی چند میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ تاہم نیوزی لینڈ کے ایڈم ملنے، ڈیون کونوے اور مچل سینٹنر بھی متبادل کے طور پر موجود ہیں۔ نیدرلینڈز کے خلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم سے انہیں ریلیز کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ تینوں ہی کھلاڑی پورے سیزن سی ایس کے، کے لیے دستیاب ہوں گے۔ دوسری جانب جنوبی افریقی تیزگیندباز ڈوین پریٹوریئس بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کا حصہ ہونے کی وجہ سے لیگ کے آغاز میں سی ایس کے کا حصہ نہیں ہوں گے۔