ردھیمان ساہا کو ٹیم سے باہر کرنے کے معاملے میں سابق سلامی بلے باز وریندر سہواگ کے بعد اب سابق کوچ روی شاستری، سابق اسپنر ہربھجن سنگھ اور سابق تیز گیند باز آر پی سنگھ بھی ساہا کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔ Cricketers Came Forward in Support of Wriddhiman Saha
روی شاستری اور ہربھجن سنگھ نے واٹس ایپ پر ایک صحافی کی جانب سے ساہا کو موصول ہونے والے نامناسب پیغامات کی سخت مذمت کی۔
روی شاستری نے بی سی سی آئی صدر سورو گنگولی پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے سے نمٹیں۔ انہوں نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ 'ایک کھلاڑی کو صحافی کی جانب سے دھمکیاں دینا حیران کن اور اپنے عہدے کا غلط استعمال ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو بھارتی ٹیم کے ساتھ مسلسل ہو رہی ہے۔ بی سی سی آئی کے صدر کا اس معاملے میں مداخلت کرنے کا وقت آگیا ہے۔ معلوم کریں کہ یہ شخص کون ہے۔
اسکے علاوہ سابق اسپنر ہربھجن نے ردھیمان ساہا پر زور دیا ہے کہ وہ اس صحافی کا نام ظاہر کریں جس نے انہیں پریشان کن پیغامات بھیجے تھے۔ ہربھجن نے ٹویٹ میں لکھا کہ 'ردھی آپ صرف اس شخص کا نام بتائیں تاکہ کرکٹ کمیونٹی کو معلوم ہو کہ کون ایسا کام کرتا ہے۔ ورنہ اچھے لوگ بھی شک کی زد میں آجائیں گے، یہ کیسی صحافت ہے؟ کھلاڑیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔