کولکاتا:کرکٹ سنسنی خیز اور غیر متوقع نتائج کا کھیل ہے۔ کرکٹ میچ کے دوران کب کیا ہو جائے گا، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ایسے کئی مواقع آئے جب نومولود ٹیموں نے خطاب کے مضبوط ترین حریف ٹیموں کو دھول چٹانے میں کامیابی حاصل کی۔عالمی کپ کرکٹ کی 58 برس کی تاریخ میں چند مقابلوں کے ایسے نتائج آئے جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ دنیائے کرکٹ کے بڑے الٹ پھیر پیش خدمت ہیں۔
ورلڈکپ 1983: اس عالمی کپ کو زمبابوے کی آسٹریلیائی ٹیم پر سنسنی خیز جیت کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ اس مقابلے میں آسٹریلیا کی دعوت پر زمبابوے پہلے کھیلتے ہوئے ڈنکن فلیچر کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 60 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 236 رن بنائے جواب میں آسٹریلیائی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 226 رن ہی بنا سکی۔ زمبابوے کی ورلڈکپ میں یہ پہلی تاریخی جیت تھی۔
ورلڈکپ 1996:
پونے میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے اس میچ میں کرکٹ کے دیوانوں کو یہ پتہ نہیں تھا کہ عالمی مقابلے میں پہلی مرتبہ کھیلنے والی کینیا دو مرتبہ کی چمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے سکتی ہے۔ پہلے کھیلتے ہوئے کینیا نے 166 رن بنا کر آل آؤٹ ہوگئی جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم محض 66 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔
1999 ورلڈ کپ:
نارتھیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 223 رن بنائے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 161 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
2003 ورلڈکپ:
نوروبی میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان کینیا نے سری لنکا کو سنسنی خیز میچ میں 53 رنوں سے شکست دے دی۔ کینیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 210 رن بنائے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 157 رنوں پر آل آوٹ یوگئی۔
2007 ورلڈ کپ:
پورٹ آف اسپن میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کیا۔ ہندوستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 191 رن بنا کر آل آوٹ ہو گئی۔ جواب میں بنگلہ دیش نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 192 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
ورلڈ کپ 2011
بنگلورو میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں آئر لینڈ نے انگلینڈ کو ہائی اسکوررنگ میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جوناتھن ٹروٹ کی 92 رنوں کی اننگ کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 327 رن بنائے۔ جواب میں آئر لینڈ نے کیوین او برائن کی شاندار 113 رنوں کی اننگ کی بدولت 329 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
ورلڈ کپ 2015:
ایڈیلیڈ کے دی اوول میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 15 رنوں سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کردیا تھا۔ بنگلہ دیش پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 257 رن بنائے۔ اس میچ میں محمود اللہ نے 103 رن اور مشفق الرحیم 89 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 260 رن بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔
ورلڈ کپ 2023:
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے ایک اہم میچ افغانستان نے انگلینڈ کو 69 رنوں سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کردیا۔ 2023 ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ نتیجہ تھا۔ دہلی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 285 رن بنائے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رن بنا کر آل آوٹ ہو گئی۔ دفاعی چمپئن انگلینڈ پر افغانستان کی جیت نے عالمی کپ میں شرکت کرنے والی دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
ورلڈ کپ 2023:
پہلے دو میچوں میں کراری شکست کے بعد نیدرلینڈز کا اگلا میچ جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم سے مقابلہ تھا، حسب توقع جنوبی افریقہ کی ٹیم ہی اس میچ میں فیورٹ تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدر لینڈس کی ٹیم بارش سے متاثر میچ میں 43 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 245 رن ہی بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رن بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ رواں آئی سی سی منز ورلڈ کپ میں نیدرلینڈس کی جنوبی افریقہ پر غیر متوقع جیت سب بڑا الٹ پھیر رہا۔ (شمشیر علی ای ٹی وی بھارت کے کولکاتا دفتر میں کنٹنٹ ایڈیٹر ہیں)
یہ بھی پڑھیں:South Africa vs Netherlands ورلڈ کپ میں ایک اور اپ سیٹ، جنوبی افریقہ کو نیدر لینڈ نے ہرایا