کولکاتہ: ریکارڈ 12 لاکھ 50 ہزار 307 شائقین اسٹیڈیم پہنچ کر بھارت میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے میچوں سے لطف اندوز ہوئے۔ ورلڈ کپ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چھ میچ پہلے تماشائیوں کی تعداد پہلے ہی دس لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی، اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھچا کھچ بھرے ہجوم کے سامنے ورلڈ کپ کے اختتام کے وقت اس میں مزید ترقی دیکھی گئی۔
ورلڈ کپ کا انعقاد 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کیا گیا اور مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے لیے سب سے زیادہ شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم پہنچی۔ جب یہ میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا، اس کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ کی تاریخ میں 14 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف بھارت کے میچ میں سب سے زیادہ تماشائی اسٹیڈیم پہنچے۔
1.25 ملین سے زیادہ شائقین کی تعداد کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا معیار ہے، جو کسی بھی دوسرے آئی سی سی ایونٹ میں حاضری کے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں 1016420 شائقین نے شرکت کی جب کہ انگلینڈ اور ویلز میں 2019 کے ایڈیشن میں 752000 شائقین اسٹیڈیم پہنچے تھے۔