حیدرآباد: پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے منگل کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے والی شاندار سنچری کو غزہ کے لوگوں کے نام کر دیا۔ محمد رضوان نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ "یہ غزہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے لیے تھا۔ جیت میں حصہ ڈال کر خوشی ہوئی۔ اس جیت کو آسان بنانے کا کریڈٹ پوری ٹیم اور خاص طور پر عبداللہ شفیق اور حسن علی کو جاتا ہے۔اس کے علاوہ محمد رضوان نے حیرت انگیز مہمان نوازی اور حمایت کے لیے حیدرآباد کے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل حماس جنگ میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور عالمی سیاست میں ابھی یہ تازہ معاملہ ہے۔ ماضی میں مبینہ طور پر بھارت مخالف بیانات پر پاکستانی اسپورٹس اینکر زینب عباس کے بھارت سے اچانک اخراج کے بعد محمد رضوان کی یہ پوسٹ آئی سی سی کے لیے ایک نیا طوفان کھڑا کرسکتی۔ دراصل آئی سی سی کے قوانین کے تحت کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا یا دیگر پلیٹ فارمز پر کوئی سیاسی بیان دینے کی اجازت نہیں ہے۔