پونے: ورلڈ کپ 2023 کے 17ویں میچ میں میزبان بھارت، بنگلہ دیش سے مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں ٹکر لے گا۔ ٹیم انڈیا جب میدان میں اترے گی تو اس کا ارادہ ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی جیت درج کرنے کا ہوگا۔ ساتھ ہی بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اپنی دوسری جیت کے لیے کوشاں ہے۔ اس کا ارادہ بھی دوسری جیت حاصل کرکے ورلڈ کپ میں اپنی گرفت مضبوط کرنا ہوگا۔
احمد آباد میں پاکستان کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد میزبان ٹیم تین فتوحات اور بہترین نیٹ رن ریٹ کے ساتھ آگے ہے۔ دوسری جانب بلیک کیپس سے سات اوورز باقی رکھ کر آٹھ وکٹوں سے ہارنے کے بعد بنگلہ دیش کے حوصلے پست ہوئے ہیں۔ شکیب الحسن کی بھارت کے خلاف میچ میں مکمل فٹنس نہ ہونے سے بنگلہ دیش کے زخم اور گہرے ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش اس وقت تین میچوں میں ایک جیت کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلوں کی بات کریں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 40 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ جس میں سے ٹیم انڈیا نے 31 اور بنگلہ دیش نے 7 میچ جیتے ہیں۔ اور ایک میچ ٹائی رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 27 اکتوبر 1988 کو پہلی بار کھیلا گیا۔ اور ایشیا کپ میں آخری میچ 15 ستمبر 2023 کو کھیلا گیا تھا۔