جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز لُنگی انگڈی (4 وکٹ) اور لوتھو سیپاملا (3 وکٹ) کی شاندار گیند بازی اور اوپنر ایڈین مارکرم کی ناٹ آؤٹ 36 رنز اور ڈین ایلگر کی ناٹ آؤٹ 31 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کر دیا۔
دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-0 سے جیتنے سے جنوبی افریقہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں 120 پوائنٹس ملے جس سے اس کے 204 پوائنٹس ہوگئے اور وہ ٹیبل میں پانچویں نمبر پر ہے۔
سری لنکا نے دوسری اننگ میں کپتان دِمُتھ کرونا رتنے کی 128 گیندوں میں 19 چوکوں کی مدد سے 103 رن کی بدولت 211 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو محض 67 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بغیر کسی وکٹ کھوئے 13.2 اوور میں 67 رنز بنا کر میچ اور سیریز دونوں اپنے نام کر لی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈین مارکرم نے 53 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 36 رنز اور ڈین ایلگر نے 27 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 31 رنز بنائے۔
سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈین ایلگر کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 45 رنوں سے شکست دی تھی۔