وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور واشنگٹن سُندر کی 113 رنز کی پارٹنرشپ نے بھارتی ٹیم کو پہلی اننگ میں شروعاتی بحران سے نکالتے ہوئے بہتر پوزیشن پر پہنچایا۔
رشبھ پنت نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 گیندوں میں 101 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی جبکہ واشگٹن سُندر نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ناٹ آؤٹ 60 رنز بنائے۔
بشکریہ بی سی سی آئی ٹویٹر چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کی شروعات روہت شرما اور چیتیشور پُجارا نے محتاط انداز میں کی لیکن جلد ہی پُجارا 40 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ وراٹ کوہلی ایک بار پھر ناکام ہوئے اور کھاتہ کھولے بغیر بین اسٹوکس کا شکار بنے۔
کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد اجنکیا رہانے کریز پر آئے اور اسکور کا آگے بڑھایا لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک نہیں ٹِک سکے اور 27 رنز بنا کر جیمس اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس دوران روہت شرما نے دوسری جانب سے محاذ سنبھالے رکھا لیکن بدقسمتی ہے نصف سنچری سے محض ایک پہلے بین اسٹوکس کا شکار بنے اور بھارت کی 6 وکٹیں 146 رنز پر چلی گئی جس سے ٹیم بحران میں گھِر گئی۔
اس کے بعد رشبھ پنت اور واشنگٹن سُندر نے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور 113 رنز کی بہترین پارٹنرشپ کی۔ اس دوران رشبھ پنت نے اپنی تیسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ پنت 113 گیندوں میں 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے جبکہ سُندر نے بھی 117 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 60 رنوں کی کارآمد اننگ کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمس اینڈرسن سب سے کامیاب گیند باز رہے اور 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بین اسٹوکس اور جیک لیچ نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
دن کا کھیل ختم تک بھارت کا اسکور 7 وکٹ پر 294 رنز ہے اور اسے 89 رنوں کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔ فی الحال واشنگٹن سُندر 60 رنز اور اکشر پٹیل 11 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔