بھارت اور انگلینڈ کرکٹ ٹیمیں 18 فروری کو احمد آباد پہنچ چکی ہیں اور اگلے ہی دن سے تیسرے ٹیسٹ میچ کی تیاری کے لیے میدان پر پہنچ گئیں۔ تیسرا ٹیسٹ میچ 24 فروری سے شروع ہوگا۔
احمد آباد کا موٹیرا کرکٹ اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے جس میں بہ یک وقت ایک لاکھ 10 ہزار شائقین میچ کا لطف اٹھا سکتے ہیں اور اب اسی اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ بھارت اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا جو اس سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ہے۔ یہ ٹیسٹ میچ ڈے نائٹ ہوگا اور اس کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوچکی ہے۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے آف لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی۔ ابھی تک میچ کے ٹکٹ نجی ویب سائٹ اور بی سی سی آئی کی ویب سائٹ پر آن لائن فروخت کیے جارہے تھے لیکن آج سے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل آف لائن بھی شروع ہوگیا جس کے لیے شائقین کا ہجوم اور لمبی قطار دیکھی گئی۔