مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے یکے بعد دیگرے متعدد ریکارڈز اپنے نام درج کرنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے اپنی ریکارڈز کی فہرست میں مزید ایک ریکارڈ درج کر لیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری تین میچوں کی یک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں وراٹ کوہلی 19 رنز بناتے ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اس سے قبل پاکستان کے عظیم بلے باز جاوید میاںداد کے نام تھا جنہوں نے 64 اننگز میں 33.85 کے اوسط سے 1930 رنز بنائے تھے جبکہ وراٹ کوہلی نے محض 34 اننگز میں ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
کوہلی نے 34 میچوں میں 70 سے زائد اوسط سے رنز بنا کر جاوید میاںداد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری یک روزہ میچ سنہ 1993 میں کھیلا تھا اور اب تقریباً 26 برسوں کے بعد کسی بلے بازی نے یہ ریکارڈ توڑا ہے۔