مرلی دھرن دھونی کی قیادت میں چنئی کے لیے آئی پی ایل کے چھ سیزن کھیل چکے ہیں۔ دھونی کی کپتانی میں کھیل کے اپنے تجربے کو انٹرویو کے دوران بیان کرتے ہوئے مرلی دھرن نے کہا کہ اگر بالر کی گیند میں کوئی چھکا بھی پڑے تو دھونی تالی بجاتے ہیں۔
سری لنکا کے سابق اسپنر متھیا مرلی دھرن مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی کے قائل ہیں۔ مرلی دھرن نے کہا کہ ان کی کپتانی کی سب سے بڑی خصوصیت بالر پر ان کا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھونی ایسے کپتان ہیں جو اچھی گیند پرچھکا لگنے کے بعد بھی گیند باز کے لئے تالیاں بجائیں گے اور بولر کی تعریف کریں گے۔ مرلی دھرن نے یہ باتیں بھارتی اسپینر روی چندرن اشون کے شو 'ڈی آر ایس ود ایش' میں کہی۔
دھونی کی کپتانی میں 2008 سے 2011 تک چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے لیے کھیلنے والے مرلی دھرن نے کہا کہ جب ایم ایس دھونی نے 2007 کا ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا تو وہ جوان تھے لیکن پھر بھی ان کی شاندار کپتانی تھی۔ بطور کپتان ان کے فیصلے بہترین ہوتے ہیں۔ وہ بولر کو خود اپنے فیلڈ کے مطابق بولنگ کرنے کی آزادی دیتے ہیں۔ اگر یہ منصوبہ کام نہیں کرتا ہے تو پھر وہ خود ہی فیلڈ لگاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دھونی کبھی بھی کسی بالر سے سب کے سامنے بات نہیں کرتے۔ اسے تنہائی میں سمجھاتے ہیں ۔ ان خصوصیات کی وجہ سے وہ کامیاب کپتان ہیں۔ دھونی میدان میں پرسکون رہنے کی وجہ سے بہتر فیصلے کرتے ہیں۔