گزشتہ ماہ یک روزہ سیریز کے بعد اب پاکستانی سرزمین پر ایک دہائی سے بھی زائد وقفے کے بعد ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی جس کے لیے دسمبر میں سری لنکا کی ٹیم پاکستان جائے گی۔
دلچسپ ہے کہ سری لنکائی ٹیم پر ہی دہشت گردانہ حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ تقریباً بند ہے لیکن اب دس برس سے بھی زائد عرصے کے بعد سری لنکائی ٹیم اس سرزمین پر کھیلی گی، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی لنکائی ٹیم نے پاکستانی سرزمین پر یک روزہ سیریز کھیلی تھی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 تا 15 دسمبر تک کھیلا جائے گا جبکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر کو ہوگا۔
یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوگی۔
سنہ 2009 میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کی بس پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے باہر شدت پسندوں نے گولیوں سے حملہ کر دیا تھا جس میں کچھ کھلاڑی زخمی ہوئے تھے، اس کے بعد سے پاکستان کو غیر ملکی ٹیموں سے اپنے گھریلو میچ متحدہ عرب امارات (یواے ای)میں کھیلنے پڑ رہے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا کہ سری لنکا کو پہلے اکتوبر میں ٹیسٹ کھیلنی تھی اور دسمبر میں وہ محدود اوورز کے لیے واپس آتی لیکن میچوں کا پروگرام تبدیل کیا گیا ہے تا کہ انھیں ٹیسٹ مقامات کا اندازہ ہو سکے۔
پی سی بی کے ڈائیریکٹر ذاکر خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے ایک دہائی کے بعد یہ بڑی خوشخبری ہے، دنیا کے بقیہ ممالک بھی یہاں کھیلنے آسکیں گے، ہم سری لنکا کرکٹ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو یہاں بھیجا ہے اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کو دوبارہ شروع کرنے میں یہ معاونت کی۔
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم دسمبر میں دو ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچے گی، یہ میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور مختصر دورے کی کرکٹ کھیلی اور یہاں کیے گئے انتظامات پر سری لنکا کرکٹ نے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی منظوری دے دی، اب پاکستان میں 10 برسوں کے بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ سیریز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ انہیں یقین ہے ٹیسٹ کرکٹ کے لیے پاکستان کا کا ماحول سازگار ہے۔