بھارت کو دہلی میں سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو اس کی بنگلہ دیش کے خلاف اس فارمیٹ میں پہلی شکست بھی تھی۔ اسی کے ساتھ مہمان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر سے برتری حاصل کرلی ہے اور سوراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہونے والا دوسرا میچ ٹیم انڈیا کے لیے کرو یا مرو کا ہوگا۔
اگرچہ اس میچ پر طوفان ماها کا خطرہ منڈلا رہا ہے جس سے میچ کے دن بارش کا امکان ہے لیکن دونوں ٹیموں کے لیے راجکوٹ میں مقابلہ اہم ہو جائے گا جہاں گھریلو بورڈ کے ساتھ تنازعات میں گھری بنگلہ دیش ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر پہلی بار ٹی -20 میں شکست دے کر تاریخ رقم کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گی ۔دوسری طرف روہت اپنی کپتانی میں ہر حال میں ہندوستان کو شرمناک شکست سے بچا کر 1-1 سے برابری دلانے کی کوشش کریں گے۔
وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں کپتانی سنبھال رہے روہت کے لیے یہ مقابلہ ان کے کیریئر کا 100 واں ٹی -20 میچ بھی ہوگا جس کے ساتھ وہ اس فارمیٹ میں 100 میچ کھیلنے والے دنیا کے دوسرے اور ہندوستان کے پہلے بلے باز بن جائیں گے۔