اسمتھ نے جمعرات کو کہا کہ گنگولی جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے اس عہدے پر بیٹھنے سے کرکٹ کو فائدہ ملے گا۔ گنگولی اور اسمتھ دونوں ہی کھلاڑی اپنی ٹیم کے کپتان اور بہترین بلے باز رہ چکے ہیں۔
اسمتھ سے پہلے انگلینڈ کے سابق کپتان اور بائیں ہاتھ کے بلے باز گاور نے کہا تھا کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر گنگولی میں ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر کی تمام خصوصیات موجود ہیں اور وہ مستقبل میں کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے صدر بن سکتے ہیں۔
اسمتھ نے کہاکہ کرکٹ کے لئے ایک اچھی قیادت بہت ضروری ہے اور اس عہدے پر کسی ایسے شخص کا ہونا ضروری ہے جو جدید کھیل اور آنے والے چیلنجوں کو بخوبی سمجھتا ہو۔ آئی سی سی کا صدر ایک بڑا عہدہ ہے اور گنگولی جیسے شخص کا اس عہدے پر ہونا کھیل کے لئے بہتر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ گانگولی کا آئی سی سی صدر بننا جدید کھیل کے لئے اچھا ہو گا۔ وہ کھیل کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں اور انہوں نے اعلی سطح پر اسے ادا کیا ہے اور ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔ کرکٹ کو آگے لے جانے کے لئے ان کی قیادت بہترین ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا آئی سی سی صدر بننا خوشگوار ہو گا۔
اسمتھ نے کہا کہ کورونا کے خطرے کے بعد جب کرکٹ دوبارہ شروع ہوگا تو ہمیں ایک مضبوط قیادت کی ضرورت ہوگی اور ایسے میں گانگولی جیسا شخص اس عہدے کے لئے سب سے بہتر انتخاب ہو گا۔ میں انہیں اچھے سے جانتا ہوں اور میں نے ان کے خلاف کرکٹ بھی کھیلا ہے۔ میں نے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر بھی ان کے ساتھ کام کیا ہے۔