پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی آج 44 ویں سالگرہ ہے۔ ان کا پورا نام صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی ہے.
سنہ 1996 میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے شاہد آفریدی، بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ روی شاستری نے اپنے کمنٹری کے دوران دیا تھا۔
آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اور اسی بدولت کئی ریکارڈ بھی انہوں نے اپنے نام کئے جن میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنے کریئر کے پہلے ہی یک روزہ میچ میں سری لنکا کے خلاف محض 37 گیندوں میں سنچری بنا کر ہر کسی کو انگشت بدنداں کر دیا تھا۔ حال ہی میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق شاہد آفریدی پاکستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔
محض 16 برس کی عمر میں دنیائے کرکٹ میں قدم رکھنے والے اس کھلاڑی نے جلد جارحانہ بلے بازی کے لیے اپنی الگ شناخت بنالی۔
سنہ 2011کے یک روزہ ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں وکٹ لینے کے ساتھ ہی آفریدی ون ڈے کرکٹ میں 300 وکٹوں کا ہندسہ پار کیا تھا۔ جے سوریا کے بعد وہ دنیا کے دوسرے آل راونڈر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 6000 ہزار سے زائد رنز اور تین سو سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔
جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے شاہد آفریدی کو ٹیسٹ ٹیم میں زیادہ مواقع نہیں ملے لیکن انہیں جتنے بھی ٹیسٹ میچوں میں موقع ملنے پر انہوں نے اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کیا اور کئی مرتبہ اپنی آل راؤنڈر کاکردگی کے دم پر ٹیم کو کامیابی دلائی ہے۔
شاہد آفریدی اپنے کیرئیر کے آغاز میں سلامی بلے باز کی حیثیت سے بلے بازی کرتے تھے۔ لیکن بعد میں انہیں میچ کی صورتحال کے مطابق بلے بازی کے لیے بھیجا جانے لگا۔
بتایا جاتا ہے کہ آفریدی نے کرکٹ کریئر کا آغاز بطور گیند باز کیا تھا لیکن اب ان کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔