وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے ملک بھر میں 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔
سچن کی لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی اپیل اس کے باوجود بہت سے لوگوں کو گھروں سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ سچن تندولکر نے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کرکے کہاکہ ہماری حکومت نے ہم سب سےدرخواست کی ہے کہ اگلے 21 دنوں تک ہم سب اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔
پھر بھی بہت سے لوگ اس ہدایت پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم سب کا یہ فرض ہے کہ ہم گھروں میں رہیں۔ یہ وقت اپنے خاندان کے ساتھ بتائیں اور کورونا وائرس کا خاتمہ کریں۔
بھارت رتن سچن نے کہاکہ دنیا بھر کے ماہرین نے لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی صلاح دی ہے۔ لیکن کچھ لوگ اپنے گھروں سے نکل رہے ہیں اور کچھ سڑک پر کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
میری ان سے درخواست ہے کہ وہ ایسا نہ کریں۔ مجھے پتہ ہے کہ آپ تمام لوگ کھلے میں چلنا چاہتے ہیں لیکن یہ صحیح وقت نہیں ہے۔ کورونا اگر آگ ہے، تو آپ باہر نکل کر اس پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر، نرس اور طبی اسٹاف ہمارے لئے اتنا کچھ کر رہے ہیں تو ہمیں بھی ان کے لئے گھر میں رہنا چاہئے۔ ہمیں ان کی بتائی باتیں ماننی چاہئیں۔ میں اور میرا خاندان گزشتہ 10 دنوں سے اپنے دوستوں سے نہیں مل سکا ہے اور اگلے 21 دن بھی ہم کسی سے نہیں ملیں گے۔ آپ لوگ اسے اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا ایک موقع سمجھیں۔