انڈیا ليجنڈس اور سری لنکا ليجنڈس کے درمیان مقابلے میں دونوں ٹیموں سے کہیں زیادہ مقابلہ دو افسانوی کھلاڑیوں سچن اور مرلی دھرن کے درمیان دیکھنے کو ملے گا۔ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 34،177 رنز بنانے والے عظیم بلے باز تندولکر ایک بار پھر 1347 بین الاقوامی وکٹ لینے والے مرلی دھرن کی گیندوں کا ہولی کے دن سامنا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
دونوں جب ایک بار پھر میدان پر اتریں گے تو ان کے لئے عمر کوئی معنی نہیں رکھے گی اور دونوں چمپئن کے درمیان ٹھیک اسی طرح کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، جیسا بین الاقوامی کرکٹ کے دنوں میں ان کے درمیان دیکھنے کو ملتا تھا۔ تندولکر کی انڈیا ليجنڈس اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے چکی ہے جبکہ سری لنکا بھی اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو سات رنز سے شکست دے چکی ہے۔ اب دونوں ہی ٹیمیں اپنے اسی فارم کو یہاں بھی برقرار رکھنا چاہیں گی۔ ذاتی کارکردگی کی بات کریں تو مرلی کے مقابلے تندولکر بہتر فارم میں ہیں۔
تندولکر نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 29 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور ویریندر سہواگ کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 83 رنز کی شراکت بھی کی تھی۔ وہیں، مرلی نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف تین اوورز میں 26 رن دے ڈالے تھے جبکہ انہیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا تھا۔