ممبئی میں واقع بی سی سی آئی کے ہیڈ آفس میں آج بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے انٹریو ہوا جس میں چھ امیدواروں کا انٹرویو لیا گیا۔
انٹرویو دینے والوں میں بھارت سے رابن سنگھ، لال چند راجپوت اور روی شاستری جبکہ نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن، آسٹریلیا کے ٹام موڈی اور ویسٹ انڈیز کے فل سمنس شامل تھے۔
روی شاستری فی الحال ویسٹ انڈیز دورے پر ٹیم کے ساتھ ہیں جس کے مدنظر ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے ان کا انٹرویو ہوا۔
انٹرویو کے اختتام پر کپل دیو کی قیادت والی تین رکنی کمیٹی نے موجودہ کوچ روی شاستری کو ایک بار پھر سے ٹیم کی ذمہ داری دے کر ان کے نام پر مہر لگائی۔
نو منتخب کوچ روی شاستری کی میعاد سنہ 2021 میں ہونے والے ٹی 20 عالمی کپ تک ہوگی۔
واضح رہے کہ ہیڈ کوچ روی شاستری سمیت ٹیم کے معاون اسٹاف کی میعاد عالمی کپ کے بعد مکمل ہوگئی تھی لیکن ویسٹ انڈیز دورے کے لیے ان کے عہدے میں میعاد میں 45 دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔
حالاںکہ اس سے قبل قیاس آرائی جاری تھی کہ روی شاستری کو دوبارہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سوںپی جائے گی جبکہ کپتان وراٹ کوہلی نے بھی شاستری کی حمایت کی تھی جس پر بی سی سی آئی کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے مہر ثبت کی۔
روی شاستری نے سنہ 2017 میں کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا اور ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا، شاستری کی قیادت میں ٹیم نے 21 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جس میں 13 میں جیت درج کی ہے اس کے علاوہ 60 یک روزہ میچوں میں 43 اور 36 ٹی 20 میچوں میں 25 میں جیت کا پرچم لہرایا ہے۔