کپتان اور بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جے دیو انادکٹ (56رن پر سات وکٹ) کی شاندار بالنگ کی بدولت سوراشٹر نے گجرات کو پانچویں اور آخری دن بدھ کو 92 رن سے شکست دیکر مسلسل دوسرے بڑے رنجی ٹرافی ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جہاں اس کا مقابلہ 13سال بعد فائنل میں پہنچے بنگال سے 9مارچ سے راجکوٹ میں ہوگا۔
سوراشٹر نے رنجی ٹرافی سیمی فا ئنل میں گجرات کے سامنے 327 رن کا مشکل ہدف رکھا تھا اور گجرات نے صبح ایک وکٹ پر 7رن پر اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔
اسے میچ کے آخری دن جیت کے لئے 320رن کی ضرورت ہے۔ پہلے دو سیشن میں دلچسپ مقابلہ ہوا لیکن انادکٹ نے آخری سیشن میں گجرات کو سمیٹ دیا۔
اناد کٹ نے 3.2 اور کی شاندار گیندبازی میں چار وکٹ نکال کر گجرات کی امیدوں کو مٹی میں ملا دیا۔
گجرات کی ٹیم پانچ وکٹ پر 221رن سے 234رن پر سمٹ گئی۔ انادکٹ نے 22.2 اوور میں 56رن پر سات وکٹ لئے اور میچ میں دس وکٹ بھی پورے کئے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 86رن پر تین وکٹ لئے تھے۔
سوراشٹر کی دوسری اننگز میں 139رن بنانے والے ارپت واسوداکو پلیئر آف دی میچ کا انعام ملا۔ واسودا نے یہ اننگز ایسے وقت کھیلی تھی جب سوراشٹر نے اپنے پانچ وکٹ محض 15رن پر گنوا دیئے تھے۔ ان کی اس اننگز میں سوراشٹر دوسری اننگز میں 274رن پر پہنچ سکا اور گجرات کے سامنے چیلنجنگ ہدف رکھ سکا۔
سوراشٹر گزشتہ آٹھ سیشنوں میں چوتھی بار فائنل میں پہنچا ہے۔ فائنل کی اس کی اپوزیشن ٹیم بنگال 13سال کے طویل وقفہ کے بعد فائنل میں پہنچی ہے، حالانکہ یہ بنگال کا اوورآل 14واں فائنل ہے۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز انادکٹ نے اس سیشن میں اپنے وکٹوں کی تعداد 65 پہنچا دی ہے اور کسی تیز گیندباز کے ایک رنجی سیشن میں یہ سب سے زیادہ وکٹ ہیں۔ انہوں نے دوڈا گنیش کے 1998-99کے 62وکٹ میں ریکارڈ کو پیچھے چھوڑا۔