ٹیم انڈیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلی جانے والی 3 میچوں کی یک روزہ سیریز میں نوجوان سلامی بلے باز پرتھوی شاہ کے لیے یادگار ثابت ہونے والی ہے۔ بھارت کے لیے 2 ٹیسٹ میچ کھیل چکے پرتھوی شاہ کو یک روزہ سیریز میں آغاز کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے سلامی بلے باز شیکھر دھون کندھے کی چوٹ کے باعث نیوزی لینڈ سریز کے یک روزہ اور ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے۔ منگل کو سلیکشن کمیٹی نے دھون کی جگہ کو ٹی 20 میں سنجو سیمسن اور یک روزہ کے لیے نوجوان بلے باز پرتھوی شاہ کو موقع دیا گیا ہے۔
سلامی بلے باز پرتھوی شاہ نے نیوزی لینڈ الیون کے خلاف کھیلے گئے دوسرے پریکٹس میچ میں سنچری بنا کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی تھی۔ پرتھوی شاہ نے اس میچ میں 100 گیندوں پر 150 رنز بنائے تھے، اس دوران انہوں نے 22 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔
طویل عرصے تک ڈوپنگ اور چوٹ کی وجہ سے پرتھوی شاہ 8 ماہ کی پابندی کے سبب کرکٹ سے دور رہے۔ پرتھوی شاہ کو بی سی سی آئی کی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ 22 فروری 2019 کو سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران ان کا ڈوپنگ ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس کے نمونے کی تفتیش کی گئی جس میں ممنوعہ مادہ 'ٹربوٹالین' کے آثار پائے گئے تھے۔