بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کرشنما چاری سریکانت نے کہا کہ رشبھ پنت عالمی کپ میں بھارتی ٹیم کے لیے بہترین فنشر ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رشبھ پنت میں وہ تمام خوبیاں ہیں جو اکیلے اپنے دم پر میچ کا رخ تبدیل کر سکتے ہیں، رشبھ پنت کو عالمی کپ اسکواڈ میں مہیندر سنگھ دھونی کے بعد دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے بھی رشبھ پنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنت میں ایک بہترین بلے باز بننے کیا تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔
جارحانہ بلے باز کے طور پر اپنی پہچان بنانے والے رشبھ پنت نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے محض 27 گیندوں میں 78 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی تھی اور عالمی کپ ٹیم کے لیے اپنی دعویداری پیش کی ہے، اس کے علاوہ بقیہ میچوں میں بھی پنت مسلسل بہترین اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی کپ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا انتخاب 15 اپریل کو ہوگا۔