نارتھمپٹن شائر نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹ پر273 رنز بنائے۔
پاکستان نے جواب میں 274 رنز کا ہدف باآسانی سے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
نارتھمپٹن شائر کےکپتان اور ون ڈاون بلے باز جوش کوب نے145گیندوں پر 146رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ کوب نے بارہ چوکے اور چھ چھکے مارے۔ دیگر بلے بازوں میں کرن نے 23،تھر سٹون نے25، ہٹن نے27ناٹ آؤٹ اور سول نے 22 رنز بنائے۔
پاکستان نے میچ میں شعیب ملک کی جگہ جارح مزاج آصف علی کو کھلایا ۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے ایک وکٹ لینے کے لئے79 رنز دیئے۔ محمد عامر نے 45، محمد حسنین نے 30، عماد وسیم نے 38 ، یاسر شاہ نے 61 اور حارث سہیل نے 18 رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
274 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ پر 157 رنز بنائے۔
پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کا اٹھانا پڑا، وہ 81گیندوں پر 101رنز بنا کر بولڈ ہوئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 15 چوکے شامل تھے۔
207 کے اسکور پر پاکستان امام الحق کی وکٹ سے محروم ہوا۔ لیفٹ ہینڈ اوپنر نے 79گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 71رنز ٹیم کی نذر کیے جس میں دو چھکے اور پانچ چوکے بھی لگائے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد نے کنٹرول سنبھالا اور کسی مزید نقصان کے بغیر ٹیم کو منزل پر پہنچادیا ۔ بابر اعظم نے 53گیندوں پر 68 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی، ان کی کاوش میں تین بلند چھکے اور پانچ شاندار باؤنڈریز بھی شامل تھیں۔ کپتان سرفراز 34 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ آخر تک بابر کا ساتھ دیتے رہے۔
سرفراز نے بھی تین چوکے جڑے۔ نارتھمپٹن شائر کی جانب سے ناتھن بک اور ای ین ہالینڈ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔اس طرح سے پاکستان نے باآسانی 8 وکٹوں سے جیت درج کرلی ۔اس میچ کے بعد اب پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کے دور ان تیسرا اور آخری پریکٹس میچ بدھ کو لائسیسٹر شائر کیخلاف کھیلے گی۔