انگلینڈ دورے پر جانے سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دس کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب ٹیم کے انگلینڈ دورے پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
متاثرہ کھلاڑیوں میں ٹیسٹ کے نتائج کے بارے میں شکوک شبہات پائے جا رہے ہیں۔ دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 29 میں سے دس کھلاڑی اب تک اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستانی کھلاڑیوں کو وبا کے غیر معمولی دور میں انگلینڈ لے جانے کے لیے ایک چارٹر طیارےکا بندوبست کیا ہے جس کے اخراجات وہ خود ادا کرے گا۔
اب یہ دیکھنا ہوگا کہ اتنے زیادہ کھلاڑیوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر سن کر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کیا فیصلہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو پاکستانی ٹیم کے دورے سے 80 ملین پونڈز کی آمدنی متوقع ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ اولڈ ٹریفورڈ (مانچسٹر) میں پانچ اگست سے شروع ہوگا جبکہ آخری دونوں ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز جنوبی انگلینڈ کے ساحلی شہر ساؤتھمپٹن میں کھیلی جائے گی۔ اولڈ ٹریفورڈ اور ساؤتھمپٹن گراونڈز پر ہی ہوٹل کی سہولت موجود ہوگی۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کا دوسرا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی حکام محمد حفیظ کے رویے سے ناراض ہیں۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کورونا رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر محمد حفیظ کی فون کرکے سرزنش کی ہے۔
واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو پہلے تین کھلاڑی اور بعد ازاں سات کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جن میں محمد حفیظ، فخر زمان، کاشف بھٹی، عمران خان، محمد حسنین، وہاب ریاض اور محمد رضوان وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے کرائے جانے والے ٹیسٹ کے بعد محمد حفیظ نے اپنے طور پر دل کی تسلی کے لیے پرائیویٹ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا تو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔
محمد حفیظ نے منفی رپورٹ ٹویٹر پر شیئر کردی اور لکھا کہ پی سی بی کی جانب سے کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی تاہم دل کی تسلی کے لیے ذاتی طور پر دوبارہ ٹیسٹ کروانے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گیا۔
انہوں نے رپورٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرا اور میرے گھر والوں کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے۔
تاہم ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں تبدیلی کے امکانات ہیں۔ روانگی سے قبل ایک مرتبہ پھر کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹیسٹ مثبت آنے پر متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ متبادل کھلاڑیوں کے لیے جنید خان، بلال آصف، سمیع اسلم، محمد موسیٰ کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔