میٹ ہنری (29 رن پر تین وکٹ) اور لكي فرگیوسن (22 رن پر 3 وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کے بعد مارٹن گپٹل (ناٹ آؤٹ 73) اور کولن منرو (ناٹ آؤٹ 58) کی شاندار نصف سنچریوں سے گزشتہ رنر اپ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے مقابلے میں ہفتہ کو 10 وکٹ سے ہرادیا۔
نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 29.2 اوور میں 136 رن پر آل آؤٹ کے بعد 16.1 اوور میں ہی بغیر کوئی وکٹ کھوئے 137 رنز بنا کر یکطرفہ کامیابی حاصل کر لی۔
نیوزی لینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں 10 وکٹ سے فتح حاصل کرنے کا یہ تیسرا موقع اور عالمی کپ کی تاریخ میں اوورآل 12 واں موقع ہے۔
ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسرا دن ہے جب کوئی ٹیم سستے میں آؤٹ ہوئی ہے اور میچ 50 سے بھی کم اوور میں ختم ہو گیا۔کل نوٹنگھم میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 105 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد سات وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
نیوزی لینڈ نے اس مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا درست فیصلہ کیا۔سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی اوور میں لاهرو ترمانے کو گنوانے کے بعد نکل نہیں سکی۔سری لنکا کی جانب سے کپتان اور اوپنر دمتھ كرونارتنے نے یک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے آخر تک مورچہ سنبھالے رکھا اور 84 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے۔
وکٹ کیپر کوشل پریرا نے 24 گیندوں میں چار چوکوں کے سہارے 29 رن اور تشارا پریرا نے 23 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے 27 رن بنائے۔سری لنکا کے یہ تین بلے باز ہی دو ہندسے کے اسکور میں پہنچ سکے۔اس کے تین بلے باز کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ دو بلے بازوں نے 4-4 رن بنائے۔