اپنا 100واں یک روزہ میچ کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی اور بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 40.5 اوور میں محض 131 رن پر ڈھیر ہوگئی، جبکہ نیوزی لینڈ نے بہت ہی آسانی سے ہدف کا تعاقب کیا اور 21.2 اوور میں 132 رن بناکر آٹھ وکٹ سے جیت درج کی۔
نیوزی لینڈ کی تیز گیندبازی کی کمان سنبھالنے والے ٹرینٹ بولٹ نے بنگلہ دیش کو ابتدائی جھٹکے دئے، جس نے ابتدا میں ہی بنگلہ دیش کی پوزیشن خراب کردی۔ بولٹ کا پہلا شکار بنگلہ دیش کے کپتان اور تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال بنے۔
بنگلہ دیش کا پہلا وکٹ 19 کے اسکور پر تمیم کی شکل میں گرا، تمیم ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، بولٹ یہیں نہیں رکے اور 19 کے اسکور پر ہی سومیہ سرکارکو آوٹ کرکے بنگلہ دیش کو دوسرا جھٹکا دیا، اس کے بعد تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم اور لٹن داس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے۔