آسٹریلیا میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے ہیرو حیدرآبادی تیز گیند باز محمد سراج کے شہر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، وہ ممبئی سے شمس آبادایئرپورٹ پر آج صبح پہنچے، انہوں نے اپنی پہلی مصروفیت کے طور پر والد کی قبر پر حاضری اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر وہ باپ کے سایہ سے محروم ہونے پر کافی مغموم اور دل گیر بھی دیکھے گئے، واضح رہے کہ محمد سراج نے حالیہ دورہ آسڑیلیا میں سب سے زیادہ 13وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے اپنے کئیرئیر کا پہلا ٹیسٹ ملبورن میں کھیلتے ہوئے میچ میں پانچ وکٹیں لیے تھے، محمد سراج نے برسبین میں آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو مشکل میں ڈٓل دیا تھا اور ہندوستان کے لیے جیت کا ہدف 328رنز کو قابل عبور بنایا، انہوں نے اپنی بہترین گیندبازی کے ذریعہ آسڑیلیا کی مجموعی سبقت کو327رنز تک محدود رکھا۔