بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز مینک اگروال نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جارہے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار سنچری بنائی ہے۔انہوں نے 195 گیندوں میں 108 رنز بنائے۔ ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے آخری ایک سال کی بہترین بلے بازی کے بارے میں بات کی۔سریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے بلے باز نے کہا "پچھلے 12 مہینے میرے لیے بہت اچھے رہے ہیں میں بیٹنگ کر رہا ہوں تو میں بہت خوش ہوتا ہوں اگر میں اسی طرح اسکور کرتا رہا تو یہ میرے لیے اچھا ہوگا، میں ہر روز بہتر کھلاڑی بننے کی کوشش کر رہا ہوں۔ "
انہوں نے ہر روز نئے چیلنج کے بارے میں کہا کہ کھیل ایک ایسی چیز ہے جس میں توازن قائم کرنا ضروری ہے اگر آپ نے آج 100 رنز بنائے اور آپ کل کھیلنے جارہے ہیں تو آپ کے ذہن میں رہنا چاہیے کہ نیا دن ہے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ رنز بنائیں اور یہ نہیں ہونا چاہیے کہ رنز نہیں بن پائیں گے۔
اگروال نے اپنے کھیل میں تکنیکی تبدیلی کے بارے میں کہا "میں نے اپنے توازن پر کام کیا اور اپنے کھیل کو سمجھنے کی کوشش کی ہے اگر آپ اپنے کھیل کو سمجھ سکتے ہیں تو بہت سی چیزیں آپ کے لیے آسان ہوجاتی ہیں اور گزشتہ تین برسوں سے میں اس پر ہی کام کر رہا ہوں"۔
اگروال نے یہ بھی بتایا کہ وہ سونے سے پہلے ہی اگلے دن کا ہدف مقرر کرتے ہیں اور صبح اٹھتے ہی اس پر کام کرنا شروع کر دیتے ہیں۔