شاندار فارم چل رہے اوپنر مینک اگروال (243)کی بہترین دوہری سنچری سے عالمی نمبر ایک ٹیم بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو چھ وکٹ پر 493رن بناکر مہمان ٹیم پر اپنا شکنجہ کس دیا۔بھارت کے پاس اب 343رن کی بڑی سبقت ہوگئی ہے ۔
28سالہ مینک نے جارح بلے باز ویریندرسہواگ کے اندا زمیں چھکا لگاکر اپنی دوہری سنچری پوری کی اور ساتھ ہی اپنا بہترین اسکوربھی بنایا۔مینک نے اس سے پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز میں 215رن بنائے تھے ۔مینک کی یہ تیسری سنچری ہے جس میں دودوہری سنچریاں شامل ہیں ۔مینک نے 330گیندوں میں 28چوکوں اور آٹھ چھکوں کی بدولت 243رن بنائے ۔
مینک کی یہ دوہری سنچری ریکارڈز کے لحاظ سے بھی دلچسپ رہی ۔ انھوں نے نہ صرف سہواگ اسٹائل میں چھکا لگاکر دوہری سنچری مکمل کی بلکہ اوپنر کی شکل میں سب سے زیادہ دوہری سنچری بنانے کے معاملہ میں وینومانکنڈ اور وسیم جعفر کی بھی برابری کرلی جن کے نام دودودوہری سنچریاں ہیں ۔سابق اوپنر سنیل گاوسکر نے تین اور سہواگ نے چھ دوہری سنچریاں بنائی ہیں ۔
سب سے کم اننگز میں دودوہری سنچری بنانے کے معاملہ میں مینک دوسرے نمبر پر ہیں ۔ونود کامبلی نے پانچ اننگز میں دودوہری سنچریاں بنائیں تھیں جبکہ مینک نے بارہ اننگز میں ۔ڈان بریڈمین نے اس کے لیے 13اننگز لی تھیں ۔
مینک کی دوہری سنچری کے ساتھ بھارت کے لیے ایک انوکھاریکارڈ بن گیا۔بھارت پہلی ایسی ٹیم ہے جس کی لگاتار چار ٹسٹ میچوں میں دوہری سنچریاں بنی ہیں ۔مینک نے ویژاگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 215،وراٹ کوہلی نے پونے میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناٹ آؤٹ 254،روہت شرما نے رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 212اور اب اندور میں مینک نے بنگلہ دیش کے خلاف 243رن بنائے ہیں ۔