بیرسٹو نے بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف حالیہ اختتام پذیر سیریز کے آخری میچ میں 126 گیندوں میں 112 رن کے بعد سیریز میں مجموعی طور پر 196 رنز کے ساتھ ٹاپ 10 میں واپسی کی۔30 سالہ یارکشائر کھلاڑی کے لئے پچھلا بہترین مقام اکتوبر 2018 میں نویں پوزیشن پر تھا۔ وہ اب مزید 23 پوائنٹس کے ساتھ اپنے کیریئر کے بہترین درجہ بندی کے 777 پوائنٹس پر پہنچ گئے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کو تین وکٹ سے سنسنی خیز فتح مکمل کرنے اور سیریز 2-1 سے جیتنے میں مدد فراہم کرنے اور پانچویں وکٹ کی رفاقت میں 212 رنز بنانے والی جوڑی میکسویل اور کیری ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی اور اوپنر روہت شرما کی جوڑی کے بعد رینکنگ ٹیبل میں ایک دوسرے کے آگے پیچھے ہیں۔ میکسویل نے سیریز میں 186 رنز بنانے کے سبب پانچ مقامات کی جست کے بعد آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کے ساتھ مشترکہ 26 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ 152 رنز کے مجموعی اسکور کرنے والے کیری 11 مقامات کی چھلانگ لگا کر کیریئر کی بہترین 28 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
تازہ ترین رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں وراٹ کوہلی کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ ہندستان ہی کے روہت شرما دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ ٹین بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم کے سوا کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں، امام الحق 11 ویں اور فخر زمان 15 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز کی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا اور ہندستان کے جسپریت بمراہ کا دوسرا نمبر ہے جب کہ ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے کرس ووکس ساتویں سے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، پاکستان کے محمد عامر ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا جب کہ انگلینڈ کے کرس ووکس دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔