بنگال ٹائیگر کے نام سے مشہور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کا بی سی سی آئی کا صدر بننا تقریباً طئے ہے، ان کے مدمقابل برجیش پٹیل تھے لیکن عین وقت وہ اس دوڑ سے باہر ہوگئے۔
ممتا بنرجی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'سور گنگولی کو بی سی سی آئی کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر دلی مبارک باد۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'نئی اننگ کے لیے نیک خواہشات، آپ نے بھارت اور بنگال کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے، ہمیں بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر آپ کی خدمات پر فخر ہے اور اب ہمیں آپ کی نئی اننگز کا انتظار ہے۔'
واضح رہے کہ سورو گنگولی کے مدمقابل برجیش پٹیل کو سابق بی سی سی آئی صدر این سرینواسن کی حمایت حاصل تھی، سرینواسن چاہتے تھے کہ برجیش پٹیل ہی بی سی سی آئی کی صدر کی کرسی پر بیٹھیں لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
سرینواسن نے تقریباً 100 ارکان کے لیے ڈنر کا اہتمام کیا تھا اور برجیش پٹیل کو ووٹ کی اپیل کی تھی لیکن ارکان نہیں چاہتے تھے کہ این سرینواسن ایک مرتبہ پھر سے پردے کے پیچھے سے بی سی سی آئی کا کام کاج سنبھالیں۔
سری نواسن کی دعوت میں شریک ارکان کا یہ بھی ماننا تھا کہ فی الحال بی سی سی آئی کی جو حالت ہے اس کے ذمہ دار سری نواسن ہی ہیں۔
اس دوران بی سی سی آئی کے سابق صدر اور وزیر مملکت انوراگ ٹھاکر نے سورو گنگولی کا نام پیش کر کے سرینواسن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔