پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور محمد عامر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سینٹرل کانٹریکٹ سے انکار کرنے کے بعد میچ فیس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
ان چاروں کھلاڑیوں کو بتایا گیا ہے کہ چونکہ ان کا سینٹرل کانٹریکٹ نہیں ہے اس لیے انہیں 'اے کیٹیگری' کے کھلاڑیوں کو ملنے والی میچ فیس ملے گی۔
اس سے قبل ان کھلاڑیوں کو 'سی گریڈ' کے کرکٹرز کے برابر رقم ملتی تھی۔
اس معاملے سے متعلق معلومات رکھنے والے ایک ذرائع نے بتایا کہ ان چاروں کھلاڑیوں نے بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کو بتایا کہ 'مرکزی معاہدہ نہ ہونے کے بعد بھی ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جارہا ہے اور انہیں سینئر کھلاڑیوں کے درجہ والی میچ فیس نہیں دی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 'اس سے قبل مرکزی معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں 'سی کلاس' کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس دی جارہی تھی جس میں فی یک روزہ میچ کے لیے دو لاکھ دو ہزارروپے(پاکستانی روپے) اور ٹی 20 بین الاقوامی میچوں کے لیے اس سے تھوڑی کم رقم دی جارہی تھی۔