بھارت اور انگلینڈ کے مابین چنئی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ڈبل سنچری بنا کر ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ جو روٹ کے کریئر کا 100 واں ٹیسٹ میچ تھا جسے انہوں نے یادگار بنا لیا۔
جو روٹ نے بھارت کے خلاف پہلی اننگ میں ڈبل سنچری بنائی جو ان کے کریئر کی 5 ویں ڈبل سنچری ہے۔ انہوں نے 377 گیندوں میں 218 رنز بنائے۔ اس طرح روٹ کریئر کے 100 ویں میچ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے مارچ 2005 میں اپنے 100 ویں ٹیسٹ میچ میں بھارت کے خلاف 184 رن بنائے تھے جبکہ روٹ نے ڈبل سنچری بنا کر انضمام کا ریکارڈ توڑ دیا۔
جو روٹ کی یہ پانچویں اور پچھلے تین ٹیسٹ میچوں میں دوسری ڈبل سنچری ہے۔ روٹ نے بھارت دورے پر آنے سے قبل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 228 رنز اور دوسرے ٹیسٹ میں 186 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے کرکٹ کی تاریخ میں نویں بلے باز بن گئے ہیں۔ روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بنے ہیں جنہوں نے اپنے 98 ویں، 99 ویں اور 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہے جبکہ 100 ویں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔