سوریہ کمار یادو کی شاندار ناقابل شکست نصف سنچری اور جسپریت بمراہ کی (20 رن پر چار وکٹ) عمدہ بالنگ اسپیل کی بدولت ممبئی نے ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز کو 57 رنز سے شکست دے دی۔
سوریہ نے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 79 رنز میں 11 چھکے اور دو چھکے لگائے جبکہ راجستھان کی جانب سے جوز بٹلر نے سب سے زیادہ 70 رنز بنائے۔
ممبئی نے 20 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 193 رنز کا بڑا اسکور کیا جبکہ راجستھان رائلس 18.1 اوور میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل ٹاپ آرڈر بلے باز سوریہ کمار یادو کی 79 رنز کی ناقابل شکست دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینز نے راجستھان رائلز کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں چار وکٹوں پر 193 رنز کا مشکل اسکور کیا تھا ۔
سوریہ کمار نے جراتمندانہ بلے بازی کرتے ہوئے پورے میدان کے چاروں طرف شاٹس کھیلے۔ سوریہ کو 19 ویں اوور میں ہیلمیٹ پر فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی چوتھی گیند سے زوردار ضرب لگی جس کی وجہ سے وہ تھوڑی دیر کے لئے بے چین و مضطرب نظر آئے لیکن پھر وہ اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر کے سر کے اوپر سے چھکا لگانے میں کامیاب ہوگئے۔
سوریہ نے 47 گیندوں میں ناقابل شکست 79 رنز میں 11 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ انہوں نے آئی پی ایل کا بہترین اسکور بنایا۔ سوریہ کے کئی شاٹس نے اے بی ڈویلیئرز کے شاٹس کی یاد دلادی۔
سوریہ نے اس سیزن میں اپنی پہلی نصف سنچری اور مجموعی طور پر آٹھویں نصف سنچری بنائی۔ سوریہ نے پانچویں وکٹ کے لیے ہاردک پانڈیا کے ساتھ 38 گیندوں پر 75 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے آخری تین اوورز میں 51 رنز بنائے۔ آخری اوور میں 17 رنز بنائے گئے۔
پانڈیا نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پانڈیا نے انکت راجپوت کی اننگز کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر اپنا پہلا چھکا لگایا۔
ممبئی کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ روہت نے 23 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کاک نے 15 گیندوں پر 23 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ایشان کشن بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے اور کرونال پانڈیا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد سوریہ اور ہاردک نے مضبوط شراکت کی اور ٹیم کو مضبوط اسکور پر پہنچا دیا۔
راجستھان کی جانب سے ، شریس گوپال نے روہت اور کشن کی وکٹیں چار اووروں میں 28 رنز دے کر حاصل کیں ڈیبیو میچ کھیلتے ہوئے فاسٹ بولر 19 سالہ کارتک تیاگی نے ڈی کوک کو پویلین بھیجا جبکہ کرونال کو جوفرا آرچر نے آؤٹ کیا۔
ممبئی انڈینز نے اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ راجستھان کی ٹیم نے تین تبدیلیاں کیں اور کارتک تیاگی کو آئی پی ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ تیاگی نے چار اوورز میں 36 رن پر ایک وکٹ حاصل کی۔
آرچر نے چار اوورز میں 34 رنز، انکت راجپوت نے چار اوورز میں 42 رنز دیئے۔ ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں راجستھان کی شروعات خراب رہی اور اس نے 12 رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں۔
نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال کھاتہ نہیں کھول سکے جبکہ کپتان اسٹیون اسمتھ چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سنجو سیمسن کواپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ چوتھے نمبر پر آنے والے سیمسن نے اپنا کھاتہ نہیں کھولا۔ جیسوال اور سیمسن کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا جبکہ اسمتھ کی وکٹ جسپریت بمراہ نے حاصل کی۔
جوز بٹلر نے یکطرفہ جدوجہد کی ۔انہوں نے 44 گیندوں میں 70 رنز میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ انہوں نے مہی پال لومر کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 30 اور ٹام کیرن کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 56 رنز جوڑے۔ لومر نے 11 رنز بنائے اور انہیں لیگ اسپنر راہل چاہر نے پویلین بھیجا۔
بٹلر 98 کے اسکور پر پانچویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ جیمز پیٹنسن نے حاصل کی اور کیرن پولارڈ نے باؤنڈری کے سامنے کیچ لیا۔
راجستھان کے 98 رنز میں اکیلے بٹلر نے 70 رنز کی شراکت کی۔ راجستھان کی جدوجہد بٹلر کے آؤٹ ہوتے ہی ختم ہوگئی۔کیرن 15 رنز بنا کر پولارڈ کا شکار بنے۔ راہل تیوتیا پانچ اور شریس گوپال نے ایک رن بنائے۔ تیوتیا اور گوپال کی وکٹ 16 ویں اوور میں بمراہ نے لی ۔ بمراہ نے جوفرا آرچر کو آؤٹ کرکے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی جبکہ پیٹنسن نے راجستھان کی اننگز کو انکٹ راجپوت کو آؤٹ کرکے مکمل کیا۔
آرچر نے 11 گیندوں میں 24 رنز بنائے۔بمراہ نے 20 رنز دے کر چار ، بولٹ نے 26 رنز دے کر دو ، پیٹنسن نے 19 رنز دے کر دو وکٹ ، چہار نے 19 رنز پر ایک وکٹ اور پولارڈ نے 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔