اردو

urdu

ETV Bharat / sports

بھارت کے عالمی کپ 2019 کے سفر پر ایک نظر - بھارت

بھارتی کرکٹ ٹیم لیگ میچوں میں سرفہرست رہنے کے بعد سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہار گئی اور اس کا عالمی کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔

بھارتی ٹیم لیگ میچوں میں سرفہرست رہی

By

Published : Jul 10, 2019, 11:06 PM IST

بھارت نے رواں عالمی کپ کے راؤنڈ رابن مرحلے میں 9 میچز میں سے 7 میں جیت درج کی تھی اور ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اس کا ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

بھارتی ٹیم

بھارت کا عالمی کپ 2019 کا سفر:

میچ نمبر 1: بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے تھے، ٹیم کی جانب سے کرس مورس نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے تھے جبکہ بھارت کی جانب سے یزویندر چہل نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بھارتی ٹیم نے 47.3 اوورز میں 4 وکٹیں کھو کر ہدف حاصل کر لیا تھا۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما ٹاپ اسکور تھے، انہوں نے 144 گیندوں میں 122 رنز بنائے تھے جن میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ جبکہ کگیسو رباڈا نے 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم

روہت شرما کو ان کی شاندار بلے بازی کے لیے مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

میچ نمبر 2: بھارت بمقابلہ آسٹریلیا
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا۔ ٹیم کی جانب سے شکھر دھون بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور 109 گیندوں میں 117 رنز بنائے تھے جبکہ مرکس اسٹوائنس نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 316 رنز ہی بنا سکی اور بھارت یہ میچ 36 رنز سے جیت گیا۔ اسٹیو اسمتھ نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے تھے جبکہ بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے تین تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

بھارتی ٹیم
شکھر دھون کی بہترین سنچری کی بدولت انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

میچ نمبر 3: بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ

بھارت اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بار کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹس ملے تھے۔

میچ نمبر 4: بھارت بمقابلہ پاکستان
اس ہائی پروفائل میچ میں بھارت نے اپنے روایتی حریف پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت 89 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی تھی اور بھارت نے روہت شرما کی ایک اور سنچری کی بدولت 5 وکٹیں کھو کر 336 رنز بنائے تھے، روہت شرما نے 113 گیندوں میں 140 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

روہت شرما

ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کو بارش ہونے کی صورت میں 301 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ 6 وکٹ کھو کر 212 رنز ہی بنا سکی تھی، ٹیم کی جانب سے فخر زمان نے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے تھے جبکہ وجے شنکر، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادو نے دو دو بلے بازوں کو پویلین بھیجا تھا۔

روہت شرما ایک مرتبہ پھر سے مین آف دی میچ منتخب کئے گئے تھے۔

میچ نمبر 5: بھارت بمقابلہ افغانستان
بھارت نے ٹاس جیت کرپہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور بڑی ٹیموں کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بھارتی ٹیم افغانستان کے خلاف لڑکھڑا گئی اور 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز ہی بنا سکی۔
بھارت کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 67 رنز بنائےتھے جبکہ گلبدن نائب اور محمد نبی نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا۔

محمد سمیع

ہدف کا تعاقب کرنے اتری افغانستانی کھلاڑیوں نے بھارتی گیند بازوں کو ناکوں چنے چبوا دیئے تھے، بھارت نے آخری اوور میں محمد سمیع کیا بہترین گیند بازی کی بدولت جیت حاصل کی تھی، افغانستانی ٹیم 49.5 اوورز میں 213 رنز ہی بنا سکی تھی۔

یہ میچ محمد سمیع کے لیے یادگار رہا، انہوں نے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک سمیت 4 وکٹیں حاصل کی تھی اور میچ کو بھارت کی جھولی میں ڈال دیا تھا۔ محمد سمیع عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک لینے والی دوسرے بھارتی کھلاڑی ہونے کا شرف حاصل کیا تھا۔

اس میچ میں جسپریت بمراہ کو ان کی کفایتی گیند بازی کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

میچ نمبر 6: بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز
ویسٹ انڈیز کے خلاف بھارت نے پہلےبلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے تھے جس میں وراٹ کوہلی کے بہترین 72 رنز شامل تھے جبکہ دھونی نے ناٹ آؤٹ 56 رنز بنائے تھے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمر روچ نے 3 جبکہ شیلڈون کاٹریل اور جیسن ہولڈر نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

روہت شرما

ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے محمد سمیع نے ایک بار پھر سے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور 4 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

وراٹ کوہلی کو ان کی شاندار اننگ کے لیے مین آف دی میچ کے ایوارڈ نوازا گیا تھا۔

میچ نمبر 7: بھارت بمقابلہ انگلینڈ
عالمی کپ کے لیگ میچوں میں بھارت کو واحد شکست اسی میچ میں میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں ملی تھی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اور بھارت کے سامنے 338 رنز کا ہدف رکھا۔ انگلینڈ کی جانب سے جانی بیرسٹو نے شاندار بلے بازی کی اور سنچری بنائی، انہوں نے 109 گیندوں میں 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے جبکہ بھارت کی جانب سے محمد سمیع نے ایک بار پھر متاثر کن گیند بازی کی اور 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

انگلینڈ واحد ٹیم ہے جس نے لیگ میچوں میں بھارت کو شکست دی

ہدف کا تعاقب کرنے اتری بھارتی کی بلے باز انگلینڈ کے گیند بازوں کے سامنے نہیں ٹک سکے اور بھارت کو 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں بھارت کے ہیرو روہت شرما رہے جنہوں نے ایک اور سنچری بنائی انہوں نے 102 رنز بنائے تھے لیکن ان کی یہ اننگ رائیگاں گئی۔

جانی بیرسٹو کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نواز گیا تھا۔

میچ نمبر 8: بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش
عالمی کپ 2019 میں چھپی رستم ثابت ہونے والی بنگلہ دیش ٹیم نے بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن میچ نہیں جیت سکی تھی۔
بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائےتھے، روہت شرما نے ایک بار پھر سے سنچری بنائی اور 104 رنز بنائے، جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمن نے بہترین گیند بازی کی اور 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

روہت شرما نے عالمی کپ میں 2019 میں پانچ سنچریاں بنائی

ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیشی ٹیم اچھی بلے بازی کی لیکن ان کی تمام کوششیں بھارت گیند بازوں کے سامنے بے کار گئیں، اور پوری ٹیم 286 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے یہ مقابلہ 28 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ روہت شرما کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

میچ نمبر 9: بھارت بمقابلہ سری لنکا
لیگ میچوں میں بھارت کا آخری مقابلہ سابق چیمپیئن سری لنکا سے ہوا جس میں بھارت نے 7 وکٹوں سے جیت درج کی تھی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور انجیلو میتھیوز کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹیں کھو کر 264 رنز بنائے تھے، میتھیوز نے 128 گیندوں میں 113 رنز بنائے جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ بھار کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

روہت شرما نے عالمی کپ میں 2019 میں پانچ سنچریاں بنائی

ہدف کا تعاقب کرنے اتری بھارتی ٹیم کی شاندار رہی اور سلامی بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لیے 189 رنز کی پارٹنرشپ کی، بھارت نے روہت شرما کے 103 رنز اور لوکیش راہل کے 111 رنز کی بدولت 43.3 اوورز میں ہی 3 وکٹیں کھو کر میچ جیت لیا تھا۔
سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا، کوسن رجیتھا اور اسورو ادانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے تھے۔
روہت شرما اس میچ میں بھی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

سیمی فائنل مقابلہ: بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ

ان دونوں ٹیموں کے مابین لین میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ سیمی فائنل میں یہ دونوں ایک بار پھر آمنے سامنے آئے جس میں بھارت کو 18 رنز سے شکست ہوئی۔
یہ میچ دو ونوں میں مکمل ہوا کیوں کہ پہلے روز بارش کی وجہ سے 46.1 اوورز کا ہی کھیل ہو سکا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 212 رنز بنائے تھے۔

بھارت کو سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہاتھوں شکست ہوئی
بارش کی وجہ سے میچ دوسرے روز منتقل کر دیا گیا اور نیوزی لینڈ نے بھارت کو 240 رنز کا ہدف دیا تھا، کیوی ٹیم کی جانب سے راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 74 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے 67 رنز کی اننگ کھیلی۔بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار سب سے کامیاب گیند باز تھے جنہوں نے 3 بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔
بھارتی کرکٹ ٹٰم کے کپتان وراٹ کوہلی

ہدف کا تعاقب کرنے اتری بھارتی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور 92 رنز پر 6 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے اس کے بعد رویندر جڈیجہ اور مہندر سنگھ دھونی نے محاذ سنبھالا اور 116 رنز کی پارٹنرشپ کی، جڈیجہ نے سب سے زیادہ 77 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم کی تمام امیدیں دھونی سے وابست ہو گئیں لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی بھارت کی ہار طئے ہو گئی اور بھارت 18 رنز سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

وراٹ کوہلی

اسی کے ساتھ ہی بھارت کی تیسری مرتبہ عالمی کپ جیتنے کی خواہش ادھوری رہ گئی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details