پونے میں واقع مہاراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن گراؤنڈ پر جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگ میں 601 رنز کا بڑا اسکور بنا کر اننگ ڈکلیئر کر دی ہے۔
پہلے روز کی طرح میچ کے دوسرے روز کا کھیل بھی مکمل طور پر بھارتی بلے بازوں کے نام رہا، پہلے روز مینک اگروال کی سنچری اور چیتیشور پجارا کی نصف سنچری کے بعد دوسرے روز کپتان وراٹ کوہلی نے پہلے اجنکیا رہانے کے ساتھ 178 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جبکہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 225 رنز کی پارٹنرشپ کر کے ٹیم کا اسکور 600 رنز تک پہنچایا۔
ایک جانب وراٹ کوہلی نے اپنی ساتویں ڈبل سنچری مکمل کی تو دوسری جانب رہانے اور جڈیجہ سنچری سے محروم رہ گئے۔
کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 336 گیندوں کا سامنا کیا اور 33 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 254 رنز بنائے جبکہ اجنکیا رہانے نے 59 رنز اور رویندر جڈیجہ نے 91 رنز بنائے۔
دوسرے روز کا کھیل شروع ہونے کے بعد وراٹ اور رہانے نے جنوبی افریقی گیند بازوں کی جم دھنائی کی اور میدان کے چاروں جانب شاٹس لگائے جبکہ رہانے کے آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی اور جڈیجہ نے تیزی سے رنز بنائے۔
جڈیجہ بدقسمت ثابت ہوئے اور 91 رنز پر متھو سوامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کے آؤٹ ہوتے ہی وراٹ کوہلی نے اننگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔
جنوی افریقہ کی جاب سے کگیسو رباڈا نے تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ کیشو مہاراج اور متھو سوامی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئے۔
ورٹ کوہلی نے ناٹ آؤٹ 254 رنز بنائے اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگ میں سنچری بنانے والے سلامی بلے باز روہت شرما اس میچ میں ناکام ثابت ہوئے اور محض 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد مینک اگروال اور چیتیشور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لیے 138 رنز کی پارٹنرشپ نبھا کر اسکور مضبوطی فراہم کی، پجارا 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے مینک اگروال نے اس میچ میں بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی سنچری مکمل کی، مینک 195 گیندوں میں 16 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے نے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔