بھارت نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بلے بازی کی دعوت دی تھی لیکن ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھارتی گیند بازوں کے سامنے نہیں ٹک سکے اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز ہی بنا سکی تھی جسے بھارت نے 17.2 اوورز میں 6 وکٹ کھو کر حاصل کر لیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری بھارتی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور سلامی بلے باز شکھر دھون محض ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں شیلڈون کاٹریل نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے اننگ کو سنبھالا اور اسکور آگے بڑھایا لیکن 32 رنز کے مجموعی اسکور پر روہت بھی 24 رنز بنا کر سنیل نرائن کا شکار بنے جبکہ اس کی اگلی ہی گیند پر رشبھ پنت بھی بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جبکہ وراٹ کوہلی 19 رنز اور منیش پانڈے نے بھی 19 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیلڈون کاٹریل اور سنیل نرائن اور کیمو پال نے دو دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بلے بازی کی دعوت دی تھی اور بھارتی گیند بازوں نے کپتان وراٹ کوہلی کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں سلامی بلے باز جان کیمپ بیل کا وکٹ گںوادیا انہیں واشنگٹن سندر نے پویلین بھیجا جبکہ دوسرے اوور میں ایون لوئیس بھی بھونیشور کمار کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی اننگ سنبھل ہی نہیں پائی اور وقفے وقفے سے اس کے وکٹز گرتے رہے، ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ کیرون پولارڈ نے 49 رنز بنائے جبکہ نکولس پورن نے 20 رنز کی اننگ کھیلی اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اپنا اسکور دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچا سکا۔
بھارت کی جانب سے نودیپ سینی سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بھونیشور کمار نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ واشنگٹن سندر، خلیل احمد، کرنال پانڈیا اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔