چوتھے ٹیسٹ میں بمراہ ۔ اشون کی جگہ نٹراجن اور سندر کو ملا موقع
آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے اور آخری میچ سے تجربہ کار تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور آف اسپن گیندباز رویچندرن اشون فٹ نہ ہونے کی وجہ سے باہر ہوگئے ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹی نٹراجن اور واشنگٹن سندر کو کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
آخری ٹیسٹ میچ سے ان دونوں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے ہندستان کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ تیز گیند باز بمراہ پیٹ کے کھینچاؤ سے پریشان ہیں اور اشون کو پسلی میں چوٹ آئی ہے، جس کی وجہ سے ٹیم انڈیا نے پہلے اپنی ٹیم الیون کا اعلان نہیں کیا تھا۔
اس کے علاوہ زخمی رویندر جڈیجا اور ہنوما وہاری کی جگہ شاردل ٹھاکر اور مینک اگروال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جڈیجا انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔ وہیں، ہنوما تیسرے ٹیسٹ میں رن لینے کے دوران ہیمسٹرنگ کے شکار ہوگئے تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے بلے بازی کی تھی اور میچ ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ہندستان کو کھلاڑیوں کی چوٹ کی وجہ سے اس میچ کے لئے ٹیم میں چار تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں۔تیز گیندباز محمد شامی اور امیش یادو پہلے ہی انجری کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوچکے ہیں اور اب بمراہ بھی چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ بمراہ کے باہر ہونے س ے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں گیندبازی کی ذمہ داری نوجوان گیندبازوں پر ہی ہوگی اور ان کے پاس خود کو ثابت کرنے کا بھی سنہری موقع ہے۔
یو این آئی