آئی سی سی خاتون ٹی -20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلوں کے بارش سے بری طرح متاثر ہونے کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار کو ہونے والے خطابی مقابلے کے دن موسم صاف رہنے کی امید ہے اور بارش کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
خواتین ٹی ۔20 ورلڈ کپ فائنل کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں محکمہ موسمیات کے مطابق میلبورن میں اتوار کو بارش کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور اچھی دھوپ نکلے گی۔ آسمان کے بھی صاف رہنے کی امید ہے تاہم شام کے وقت تھوڑی سردی ہو سکتی ہے لیکن بارش کا خدشہ نہ کے برابر ہے۔ فائنل کے لئے یہ بھی راحت کی بات ہے کہ اس کے لئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
بارش کی وجہ سے میچ نہیں ہونے کی صورت میں میچ پیر کو ریزرو ڈے والے دن کیا جائے گا۔ سیمی فائنل مقابلوں میں اس طرح کوئی انتظام نہیں تھا۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا اور بھارت نے اپنے بہتر گروپ ریکارڈ کی وجہ سے فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل بھی بارش سے متاثر رہا تھا لیکن آسٹریلیا نے ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت جنوبی افریقہ کو پانچ رنز سے شکست دے کر خطابی مقابلے میں جگہ بنا لی تھی۔