اردو

urdu

ہربھجن آئی پی ایل سے دستبردار

By

Published : Sep 4, 2020, 9:38 PM IST

چنئی سپر کنگز کے تجربہ کار ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے آئی پی ایل کے 13ویں سیزن سے دستبردار ہوگئے ہیں، ہربھجن اور چنئی ٹیم نے جمعہ کو ٹویٹ کیا اور آئی پی ایل سے دستبرداری کی تصدیق کی۔

Harbhajan withdraws from IPL for personal reasons
ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ

آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 19 ستمبر سے 10 نومبر تک ہونا ہے لیکن ابھی تک ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ہربھجن اگست کے شروع میں چنئی کی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات نہیں گئے تھے، اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ٹیم میں شامل ہوں گے لیکن ہربھجن ابھی تک ٹیم میں شامل نہیں ہوئے تھے اور اب انہوں نے آئی پی ایل سے باہر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

ہربھجن نے ٹویٹ کیا کہ"عزیز دوستو ، میں ذاتی وجوہات کی بناء پر اس بار آئی پی ایل نہیں کھیل سکوں گا۔ یہ وقت بہت مشکل ہے اور میں خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ چنئی سپر کنگز کا نظم و نسق ہمیشہ سے معاون رہا ہے اور میں ان سب کو آئی پی ایل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ سلامت رہو ، جئے ہند۔ "

چنئی سپرکنگ نے بھی ٹویٹ کیا کہ ہربھجن نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے۔ چنئی کی ٹیم ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور ایسے مشکل وقت میں ہربھجن اور اس کے کنبہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

40 سالہ ہربھجن آل راؤنڈر سریش رینا کے بعد چنئی کے دوسرے بڑے کھلاڑی ہیں جو رواں سال آئی پی ایل میں نظر نہیں آئیں گے۔ چنئی کے لئے آئی پی ایل شروع ہونے سے قبل دو اہم کھلاڑیوں سے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کرنا چنئی کے لئے مسئلہ بن سکتا ہے۔ ہربھجن ایسے تیسرے بڑے کھلاڑی ہیں جو ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ رینا اور ہربھجن کے علاوہ دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر سری لنکا کے لست ملنگا بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

ہربھجن سے قبل رینا بھی ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے کچھ دن بعد ہی وطن لوٹ گئے تھے۔ ہربھجن 16 سے 20 اگست تک چنئی میں چھ روزہ کیمپ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ جمعہ کو ٹیم کے سی ای او کاشی وشوناتھن نے بتایا تھا کہ ہربھجن ستمبر کے پہلے ہفتے میں ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔ لیکن ہربھجن اب آئی پی ایل سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

ہربھجن کی آئی پی ایل سے دستبرداری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چنئی سپر کنگز کا قرنطین کا دور ختم ہوگیا ہے اور ٹیم اپنے ممبروں کے ٹیسٹ منفی ہونے کے بعد جمعہ سے ہی تربیت کا آغاز کرے گی۔ چنئی کی ٹیم تربیت کا آغاز کرے گی جس میں گذشتہ ہفتے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے 13 ممبران کو چھوڑ دیا جائے گا۔ ان 13 ممبروں میں دو ہندوستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں اور یہ سب 14 دن کے لئے قرنطین کے ایک الگ ہوٹل میں مقیم ہیں۔ کورونا ٹیسٹ ان ممبروں کے قرنطین کی مدت پوری ہونے پر کیا جائے گا۔

ہربھجن آئی پی ایل میں 160 میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں 26.45 کی اوسط سے 150 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 138.17 کی اسٹرائک ریٹ سے 829 رنز بنائے ہیں جس میں نصف سنچری بھی شامل ہے۔ ہربھجن چنئی سے پہلے ممبئی انڈینز ٹیم کے لئے کھیلتے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details